ایشیائی ترقیاتی بینک نے اصولی طور پر کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی مالی معاونت پر اتفاق کرلیا۔ سندھ حکومت الیکٹرک بس منصوبہ بھی ایشیائی بینک کے سامنے پیش کرے گی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر مس ایمافین کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی ۔اجلا س میں کے سی آر کی بحالی اور سندھ کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں الیکٹرک بس سروس شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔صوبے میں ترجیحی ٹرانسپورٹ منصوبے تیزی سے مکمل کرنے اور ترقیاتی تعاون مضبوط کرنے کا فیصلہ ہوا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا اے ڈی بی صوبائی حکومت کے ریڈ لائن منصوبے میں معاونت کر رہا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی تکنیکی اور مالی معاونت سے کراچی کے ماس ٹرانزٹ نظام کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر نے اصولی طور پر کے سی آر منصوبے کی مالی معاونت پر اتفاق کیا۔ سندھ حکومت سے کہا ضروری دستاویزات بینک بورڈ کی منظوری کے لئے جمع کرائی جائیں۔ دوہزار چھبیس سے دوہزار اٹھائیس کے درمیان تین ارب ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔یہ منصوبے ٹرانسپورٹ، شہری ترقی، صحت، تعلیم، پانی، دیہی ترقی اور ماحولیات سے متعلق ہیں۔ اجلاس میں کراچی بی آر ٹی ریڈ لائن اور نئے شہری و ٹرانسپورٹ منصوبوں کی مالی معاونت اور تیاری کا جائزہ لیا گیا۔اے ڈی پی نے کہا سندھ حکومت الیکٹرک بس منصوبہ بینک کے سامنے پیش کرے ۔
