کراچی ماڑی پور بازار کے قریب علاقہ مکینوں کا پانی اور بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج چار گھنٹے سے جاری ۔ ہاکس بے روڈ پر ٹریفک جام۔ گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ ہاکس بے پکنک پر جانے والے شہری بھی پھنس گئے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے عدم ادائیگیوں کے باعث نادہندگان کی بجلی منقطع کی گئی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ماڑی پور بازار کے قریب علاقہ مکینوں نے ہاکس بے روڈ کے دونوں ٹریک بند کردئیے۔ مصروف سڑک کی بندش سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔مظاہرین کا کہنا ہے علاقے میں بجلی سات روز سے بند ہے۔ بجلی بند ہونے کے باعث پانی بھی نہیں آرہا۔سارے بل جمع کرائے پھر بھی بجلی منقطع کردی گئی ۔ٹریفک پولیس کے مطابق ہاکس بے سے آنے والی ٹریفک کو مشرف کٹ سے سپارکو کی طرف موڑ دیا گیا۔گلبائی ٹرک اڈا سے آنے والی ٹریفک کو متبادل راستے پر منتقل کیا جارہا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے عدم ادائیگیوں کے باعث نادہندگان کی بجلی منقطع کی گئی۔ نادہندگان پر واجب الادا رقم ساڑھے اٹھارہ کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ علاقہ مکین وقت پر بجلی کے بلوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔